ممبئی: بالی وڈ سپراسٹار عامر خان نے نئی فلم کے کردار کے لیے وزن کم کرنے اور اپنی ظاہری شخصیت پر کام شروع کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان ایک بار پھر اپنی مشہور فلم ’لگان‘ کے ہدایت کار آشوتوش گواریکر کے ساتھ اسپورٹس فلم ’للکار‘ میں کام کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی 1952 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے پس منظر میں بنائی جارہی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عامر خان نے فلم میں اپنے کردار کے لیے جسمانی تبدیلی کا عمل شروع کردیا ہے اور وہ بڑے پردے پر تقریباً 25 سالہ نوجوان کا کردار ادا کرنے کے لیے وزن کم کررہے ہیں۔
عامر خان ماضی میں بھی مختلف فلمی کرداروں کے لیے اپنے وزن میں نمایاں کمی اور اضافہ کرچکے ہیں، جس میں ان کی جسمانی تبدیلیاں خاصی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان کی عمر اس وقت 61 برس ہے اور نئی فلم میں نوجوان کردار کے لیے ان کی جسمانی تیاری ایک بار پھر مداحوں کی توجہ حاصل کررہی ہے۔




