انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کی پچ کو دیا گیا ایک ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا۔
آئی سی سی اپیلز پینل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دائر اپیل منظور کرتے ہوئے 4 جون کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کی پچ کی ’غیر تسلی بخش‘ ریٹنگ ختم کردی۔
یاد رہے کہ میچ کے بعد آئی سی سی میچ ریفری گریمی لا بروئے نے قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو ’غیر تسلی بخش‘ قرار دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا۔ ان کے مطابق پچ سست اور نیچی تھی جس کے باعث رنز بنانا مشکل ہوگیا تھا اور پچ نے ابتدائی مرحلے سے ہی اسپنرز کو مدد فراہم کی۔
پی سی بی نے آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، جس پر اپیلز پینل نے میچ کی ویڈیو فوٹیج، میچ ریفری کی رپورٹ اور دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے تبصروں کا جائزہ لیا۔
اپیلز پینل نے قرار دیا کہ پچ پر غیر معمولی ناہمواری یا ضرورت سے زیادہ اسپن موجود نہیں تھا، جس کے بعد پچ کی ’غیر تسلی بخش‘ ریٹنگ اور اس کے نتیجے میں دیا گیا ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا گیا۔
آئی سی سی کے تازہ فیصلے کے بعد قذافی اسٹیڈیم لاہور کے اکاؤنٹ میں اب کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 4 جون کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




