مصباح ارشد کو مس یونیورس پاکستان 2026 کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے، وہ نومبر میں ہونے والے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
مس یونیورس پاکستان 2026 کی تاج پوشی کی تقریب فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے روزال پارک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مصباح ارشد نے 10 امیدواروں کے درمیان فائنل مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔
مصباح ارشد 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں ہونے والے مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
مصباح ارشد کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ اسلام آباد میں بھی رہ چکی ہیں۔ وہ اس وقت جرمنی کے شہر میونخ میں مقیم ہیں جہاں وہ یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔
سال 2000 میں پیدا ہونے والی مصباح ارشد نے 2023 میں حسن کے مقابلوں میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔ وہ مس پاکستان ورلڈ 2023 اور مس اورا پاکستان 2023 کے اعزازات بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔
مس یونیورس پاکستان کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد مصباح ارشد اب عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی، جہاں دنیا بھر سے منتخب ہونے والی امیدواریں مقابلے میں شریک ہوں گی۔




