’پہلے بھی کہا تھا، اب دوبارہ کہوں گی صبا فیصل کو مدد کی ضرورت ہے‘: حرا خان

پاکستانی اداکارہ و ماڈل حرا خان نے اداکارہ صبا فیصل کے حالیہ متنازع بیان پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

حرا خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر صبا فیصل کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’جنازے اٹھانے سے بہتر ہے کہ والدین اپنے سر جھکا لیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں پہلے بھی یہ بات کہہ چکی ہوں اور دوبارہ کہتی ہوں کہ صبا فیصل کو مدد کی ضرورت ہے۔‘‘

دوسری جانب اداکارہ زویا ناصر نے بھی سوشل میڈیا پر صبا فیصل کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’’میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، یہ کتنا خطرناک اور پیچیدہ بیانیہ ہے۔‘‘

حرا خان اور زویا ناصر کا ردِعمل ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد آیا، جس میں صبا فیصل طلاق کے حوالے سے بدلتے ہوئے معاشرتی رویوں پر گفتگو کرتی نظر آئیں۔

صبا فیصل نے اپنے بیان میں ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے طلاق کو پورے خاندان کیلئے انتہائی تکلیف دہ واقعہ سمجھا جاتا تھا۔ ان کے مطابق خاندان طویل عرصے تک یہ سوچتا تھا کہ آخر کیا غلط ہوا، جبکہ بیٹی کی شادی ختم ہونے پر والد بھی شدید شرمندگی محسوس کرتے تھے اور لوگوں کا سامنا کرنے سے گریز کرتے تھے۔

اداکارہ نے ماضی کے رویوں کا موجودہ حالات سے موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب بعض معاملات میں طلاق کو زیادہ معمولی انداز میں لیا جاتا ہے اور طلاق یافتہ خاتون بیرونِ ملک سفر کرکے ذہن صاف کرنے اور زندگی آگے بڑھانے کی بات کرتی ہے۔

صبا فیصل کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شادی، طلاق، خاندانی توقعات اور بدلتے ہوئے معاشرتی رویوں کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں