بالی وڈ اداکار سلمان خان نے ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کا نام لیے بغیر ان کے دفاع میں بات کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو اداکاراؤں کے وزن اور ظاہری حلیے پر نامناسب تبصرے کرتے ہیں۔
سلمان خان نے اپنے رئیلیٹی شو ’بگ باس 20‘ کی حالیہ قسط میں سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کے جسم، حلیے اور ذاتی معاملات کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں پر برہمی کا اظہار کیا۔
اداکار نے کہا کہ بعض لوگ سوشل میڈیا سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی، ظاہری شکل اور دیگر معاملات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، کسی کو نیچا دکھا کر پیسہ کمانا ایسے لوگوں کی تربیت اور سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ مشہور شخصیات کو جسمانی ساخت، وزن، شکل و صورت، خاندان، پیشہ ورانہ ناکامیوں اور ماں بننے جیسے ذاتی معاملات پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماں بننے کے بعد وزن میں اضافہ ایک فطری عمل ہے اور اداکارہ جب فلموں میں واپسی کریں گی تو دوبارہ خود کو فٹ کرلیں گی۔
سلمان خان نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ خود اپنی ظاہری شکل و صورت کے حوالے سے عدم اطمینان کا شکار رہتے ہیں، وہ دوسروں کے وزن اور حلیے پر تنقید کرنے کو اپنا حق کیسے سمجھتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ اس وقت کترینہ کیف کو اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے دینا چاہیے۔
سلمان خان نے گفتگو کے دوران خود کو بھی سوشل میڈیا ٹرولنگ کا نشانہ بنائے جانے کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انہیں بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ 60 برس کے ہوچکے ہیں، اس لیے ہمیشہ ’میں نے پیار کیا‘ کے ہیرو کی طرح نظر نہیں آسکتے۔
واضح رہے کہ کترینہ کیف نے حال ہی میں اپنے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ مکیش اور نیتا امبانی کی جانب سے منعقد کی گئی تقریبات میں شرکت کی تھی، جہاں ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
تقریبات کے دوران کترینہ کیف اپنے لباس اور انداز کے باعث بھی توجہ کا مرکز رہیں، تاہم تصاویر سامنے آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے ان کے وزن اور ظاہری حلیے پر نامناسب تبصرے کیے۔




