کیرئیر کے آغاز میں بہت سے گانے بغیر معاوضے کے گائے: شریا گھوشال

بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے ابتدائی دور میں بہت سے گانے بغیر کسی معاوضے کے گائے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں شریا گھوشال نے انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ اور گلوکاروں کے معاوضوں سمیت مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

کاسٹنگ کاؤچ سے متعلق سوال پر شریا گھوشال نے کہا کہ بھارتی انڈسٹری میں اس کا وجود ہے، تاہم انہوں نے ذاتی طور پر کبھی اس کا سامنا نہیں کیا۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اب حالات پہلے کے مقابلے میں کچھ بہتر ہیں، جبکہ سوشل میڈیا کے دور سے قبل خواتین کو انڈسٹری میں زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

شریا گھوشال نے کہا کہ انہوں نے بہت کم عمری میں گلوکاری کا آغاز کیا، اس دوران ان کے والدین ہمیشہ ان کے ساتھ ہوتے تھے، یہی وجہ تھی کہ کسی کو ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔

معاوضوں میں صنفی تفریق سے متعلق بات کرتے ہوئے شریا گھوشال نے کہا کہ یہ صرف خواتین کا مسئلہ نہیں بلکہ مرد گلوکار بھی اس صورتحال کا سامنا کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنے کیرئیر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی بہت سے گانے بغیر کسی معاوضے کے گائے۔

شریا گھوشال نے کہا کہ گلوکاروں کے معاوضوں کے حوالے سے کئی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ ارجیت سنگھ کو ہر گانے کے لیے بہت بھاری معاوضہ ملتا ہے، تاہم یہ بات مکمل طور پر درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کے تمام اچھے گلوکار اپنے کیرئیر میں بہت سا کام بلا معاوضہ بھی کرتے ہیں، تاہم جب کوئی جائز مطالبہ یا مناسب موقع ہو تو وہ بھاری معاوضہ بھی وصول کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں