معروف پاکستانی اداکارہ میرا کی اپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ مبینہ لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مبینہ طور پر اداکارہ میرا کو اپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ تلخ کلامی کرتے اور بعد ازاں ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد میرا کی گھریلو ملازمہ یاسمین نے ایک انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ اداکارہ نے اسے متعدد مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
ملازمہ نے دعویٰ کیا کہ تشدد کے باعث اس کے چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں۔ اس نے میرا کی ذہنی حالت سے متعلق بھی سوالات اٹھائے۔
بیان میں یوٹرن
تاہم معاملے میں اس وقت نیا موڑ آیا جب یاسمین کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی، جس میں اس نے اپنے پہلے بیان سے مختلف مؤقف اختیار کیا۔
یاسمین نے دعویٰ کیا کہ اس کی سابقہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی گئی تھی۔ اس نے کہا کہ میرا بہت اچھی ہیں اور وہ اب بھی ان کے پاس کام کر رہی ہے۔
دوسری جانب وائرل ویڈیو اور دونوں بیانات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں، تاہم واقعے کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا اس سے قبل بھی مختلف ویڈیوز اور بیانات کے باعث خبروں میں رہ چکی ہیں، جبکہ چند سال قبل ایک ٹی وی چینل پر میک اپ آرٹسٹ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے حوالے سے بھی ان کا نام خبروں میں آیا تھا۔




