’’مجھے اپنے بھارتی مداح یاد آتے ہیں‘‘: عاطف اسلم

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ انہیں اپنے بھارتی مداحوں کی کمی محسوس ہوتی ہے اور وہ آج بھی انہیں یاد کرتے ہیں۔

عاطف اسلم نے حالیہ انٹرویو میں اپنے کیریئر اور بالی ووڈ سے وابستہ خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے مستقبل کے موسیقی کے منصوبوں کے بارے میں بھی بات کی۔

گلوکار نے بتایا کہ وہ ’بارڈر لیس میوزک‘ (Borderless Music) کے نام سے ایک نئے پروجیکٹ پر کام کررہے ہیں، جس میں نوجوان اور سینئر فنکاروں سمیت موسیقاروں، نغمہ نگاروں اور دیگر تخلیق کاروں کے ساتھ مل کر کام کیا جارہا ہے۔

عاطف اسلم نے اپنے بھارتی مداحوں کے نام پیغام میں کہا کہ پابندیوں کی وجہ سے وہ اداس نہ ہوں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وہ ہمیشہ اپنے بھارتی مداحوں کو یاد کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں بھارت میں کام کرنے کی اتنی یاد نہیں آتی جتنی وہاں موجود اپنے مداحوں کی آتی ہے، تاہم بالی ووڈ میں پلے بیک سنگنگ کے تجربے نے انہیں بہت کچھ سکھایا۔

عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ اگر یہ پابندی نہ لگی ہوتی تو شاید وہ اپنا ذاتی میوزک تخلیق کرنے کی جانب اس طرح نہ آتے، اس لیے وہ اس مرحلے کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

گلوکار نے اپنے بھارتی مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں بھی ان کے ساتھ کھڑے رہے، جسے وہ ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں