سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر تعینات پولیس اہلکار دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ممبئی پولیس کا ایک اہلکار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کانسٹیبل گنیش رائتے سلمان خان کے گیلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر ممبئی پولیس کی سکیورٹی ٹیم کے ہمراہ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ جمعے کی شام اس کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق شام تقریباً 6 بجے گنیش رائتے نے دیگر پولیس اہلکاروں کو طبیعت کی خرابی سے آگاہ کیا، جس کے بعد اسے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کانسٹیبل کو ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑا، تاہم اس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے اور موت کی حتمی وجہ طبی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔

یہ واقعہ سلمان خان کی رہائش گاہ پر سخت سکیورٹی انتظامات کے دوران پیش آیا۔

یاد رہے کہ 2024 میں سلمان خان کے قریبی دوست اور مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیق کے قتل کے بعد اداکار کی سکیورٹی کو وائی پلس (Y+) کیٹیگری میں اپ گریڈ کر دیا گیا تھا۔

سلمان خان کی سکیورٹی میں اضافہ 1990 کی دہائی کے کالے ہرن کیس کے معاملے پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ملنے والی مبینہ دھمکیوں کے بعد کیا گیا تھا۔ گینگ نے بابا صدیق کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔

اکتوبر 2024 میں بابا صدیق کے قتل سے قبل اسی سال اپریل میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے ممبئی میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ بھی کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں