اداکار عباس اشرف نے کہا ہے کہ ان کے بڑے بھائی اور معروف اداکار عمران اشرف نے شوبز میں ان کے کیریئر کے آغاز میں کوئی مدد نہیں کی بلکہ انہیں اپنی محنت کے بل بوتے پر آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے عباس اشرف نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی اداکار بننے کا خواب رکھتے تھے، تاہم ان کی والدہ اس شعبے میں آنے کے حق میں نہیں تھیں، حالانکہ اس وقت عمران اشرف پہلے ہی اداکاری سے وابستہ تھے۔
عباس اشرف نے بتایا کہ ایک مرتبہ ان کی والدہ نے فون کر کے کہا کہ انہوں نے خانہ کعبہ کے سامنے دعا کی ہے کہ وہ اداکاری چھوڑ کر کسی اور شعبے کا انتخاب کریں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے والدہ کو جواب دیا کہ ان کی دعا قبول ہو گئی ہے کیونکہ انہیں ایک ٹی وی چینل سے ملازمت کی پیشکش ہو گئی ہے۔
اداکار نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے عمران اشرف سے خواہش ظاہر کی کہ وہ انہیں انڈسٹری میں متعارف کرائیں تو ان کے بھائی نے صاف الفاظ میں کہا کہ “اپنی محنت سے آؤ، میں بھی اپنی محنت سے آیا ہوں۔”
عباس اشرف کے مطابق انہوں نے بھائی کے اس مشورے کو سنجیدگی سے لیا اور مختلف کمرشلز میں کام کرنے کے بعد اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ڈرامہ انڈسٹری میں جگہ بنائی، جہاں اب وہ مختلف ڈراموں میں اداکاری کر رہے ہیں۔




