پی سی بی نے امام اور رضوان کے موبائل ڈیٹا سے متعلق تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں امام الحق اور محمد رضوان سے متعلق تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی جانچ کی جارہی ہے کہ وہ کن افراد سے رابطے میں رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست کے بعد ہوٹل پہنچنے پر ٹیم کے سیکیورٹی افسر نے امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فون اپنے قبضے میں لیے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون کئی گھنٹوں بعد واپس کیے گئے، جبکہ اس دوران مبینہ طور پر ان کا ڈیٹا کسی اور مقام پر منتقل کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے خلاف ٹھوس شواہد سامنے آتے ہیں تو انہیں بھاری جرمانے یا دیگر تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مستقبل میں دونوں کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں شمولیت سے متعلق فیصلہ بھی تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں کیا جاسکتا ہے۔

تاہم اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کیے جانے کی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں