لاہور: نادرا کے نام سے مشابہ جعلی ویب سائٹ چلانے والے 2 ملزمان کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مطابق گرفتار ملزمان محمد ارسلان اور علی رضا کے قبضے سے 3 ٹیرا بائٹ حساس ڈیٹا برآمد ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس اور ذاتی ڈیٹا حاصل کرکے فروخت کیا۔
ملزمان کے قبضے سے سم کارڈ کی ملکیت و رجسٹریشن، سم ڈیٹا بیس، کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) اور شہریوں کی لوکیشن سے متعلق معلومات بھی برآمد کی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق برآمد کیے گئے ڈیٹا میں شہریوں کے فیملی ٹری اور مختلف سرکاری اداروں سے متعلق معلومات بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے ’منی نادرا‘ کے نام سے ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جس کے ذریعے نادرا سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے ساتھ حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ’کھوجی‘ نامی پلیٹ فارم تک رسائی میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔
ملزمان کے قبضے سے 2 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ برآمد شدہ 3 ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا فارنزک تجزیہ جاری ہے۔




