افواہیں فروخت کرکے 2 گھر خریدنے والی 69 سالہ خاتون

کیا کوئی شخص افواہیں فروخت کرکے لاکھوں کما سکتا ہے؟ کولمبیا کی 69 سالہ میریام نے اپنے منفرد کاروبار سے اس سوال کا جواب ہاں میں دے دیا۔

لاطینی امریکی ملک کولمبیا کے علاقے قیندیو کے Brisas de Armenia سے تعلق رکھنے والی میریام کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کی گپ شپ اور افواہیں دوسروں تک پہنچا کر رقم کماتی ہیں اور اسی کاروبار سے اب تک 2 گھر خرید چکی ہیں۔

میریام روزانہ اپنے علاقے کے چائے خانے میں بیٹھتی ہیں اور لوگوں کی گفتگو سنتے ہوئے اہم باتیں اپنی نوٹ بک میں درج کرتی رہتی ہیں۔

وہ ایک افواہ یا خبر کے عوض 5 ہزار سے 10 ہزار کولمبین پیسو تک وصول کرتی ہیں، جبکہ رقم کا انحصار افواہ کے مواد پر ہوتا ہے۔

ایک انٹرویو میں میریام نے بتایا کہ وہ اپنے گھر سے باہر ایسے مقامات پر بیٹھتی ہیں جہاں مختلف اطلاعات باآسانی ان تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے خود کو ’پروفیشنل افواہ ساز‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں گپ شپ سے محبت ہے۔

میریام کے مطابق نوٹ بک میں معلومات درج کرنے سے انہیں نہ صرف کہانیاں یاد رکھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر یہ ان کے لیے ثبوت کا کام بھی کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھی اردگرد ہونے والی باتوں پر پوری توجہ رکھتی ہیں۔

میریام نے بتایا کہ ان کی اب تک کی سب سے مہنگی افواہ 7 لاکھ کولمبین پیسو میں فروخت ہوئی، جس میں ایک شخص کی بیوی سے بے وفائی سے متعلق معلومات شامل تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کاروبار میں کامیابی کے باوجود انہیں اپنے علاقے میں مسابقت کا سامنا ہے کیونکہ کچھ لوگ ان کے کاروباری طریقے کی نقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

میریام کا دعویٰ ہے کہ وہ کسی بھی بات کو بغیر ثبوت کے آگے نہیں بڑھاتیں، اسی وجہ سے علاقے میں انہیں ’کوئین آف گوسپ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

69 سالہ میریام کا کہنا ہے کہ افواہ سازی ان کی زندگی کا حصہ ہے اور یہ ان کے خون میں دوڑتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں