کترینہ کیف کو زچگی کے بعد وزن بڑھنے پر ٹرولنگ کا سامنا، ساتھی اداکارہ کا کرارا جواب

بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کو بیٹے کی پیدائش کے بعد پہلی مرتبہ منظرِ عام پر آنے پر سوشل میڈیا پر جسمانی تبدیلیوں کے باعث تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس پر ان کی ساتھی اداکارہ شوالیکا اوبرائے نے ٹرولز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی دسمبر 2021 میں ہوئی تھی، جبکہ نومبر 2025 میں دونوں کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

بیٹے کی پیدائش کے بعد کترینہ کئی عرصے تک میڈیا کی نظروں سے دور رہیں۔ حال ہی میں وہ فلمساز کوکو کوہلی کی آخری رسومات میں اپنے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ شریک ہوئیں، جہاں ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

کترینہ کی تصاویر سامنے آنے کے بعد جہاں مداحوں نے انہیں ماں بننے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، وہیں بعض صارفین نے ان کے وزن اور جسمانی تبدیلیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

کترینہ اور وکی کوشل نے سوشل میڈیا پر ہونے والی اس ٹرولنگ پر کوئی ردعمل نہیں دیا، تاہم اداکارہ شوالیکا اوبرائے نے کترینہ کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو مناسب رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔

شوالیکا اوبرائے نے کترینہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ماں بننے کے بعد خواتین کے جسم میں آنے والی قدرتی تبدیلیوں کو تنقید کا نشانہ بنانا نامناسب ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ زچگی کے بعد صحت یابی کا مرحلہ ہر خاتون کے لیے مختلف ہوتا ہے اور جسم کو فوری طور پر پہلے جیسی حالت میں واپس آنا ضروری نہیں۔ ان کے مطابق حمل اور زچگی کے بعد جسم میں متعدد قدرتی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، جنہیں شرمندگی یا مذاق کا باعث نہیں بنانا چاہیے۔

شوالیکا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معاشرے کو زچگی کے بعد خواتین کے جسم کے حوالے سے غیر حقیقی توقعات قائم کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ شوالیکا اوبرائے خود بھی حال ہی میں ماں بنی ہیں، اسی لیے ان کے بیان کو زچگی کے بعد خواتین کے ذاتی تجربات اور جسمانی تبدیلیوں کے حوالے سے حمایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

کترینہ کیف کی آخری فلم ’میری کرسمس‘ تھی، جس میں انہوں نے وجے سیتھوپتی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم 2024 میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں