واٹس ایپ کا نیا فیچر، ٹائپ کیے بغیر ٹیکسٹ میسج بھیجنا ہوگا ممکن

واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے، جس کی مدد سے صارفین ٹائپ کیے بغیر بول کر ٹیکسٹ میسج لکھ سکیں گے۔

ایک رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں سامنے آیا ہے، جس کے ذریعے صارف کے بولے گئے الفاظ خودکار طور پر ٹیکسٹ میں تبدیل ہوجائیں گے اور انہیں آڈیو کلپ کے بجائے سادہ ٹیکسٹ میسج کے طور پر بھیجا جاسکے گا۔

یہ فیچر واٹس ایپ میں پہلے سے موجود وائس میسج ٹرانسکرپشن فیچر سے مختلف ہوگا۔ وائس میسج ٹرانسکرپشن موصول ہونے والے آڈیو پیغام کو ٹیکسٹ میں تبدیل کرتا ہے، جبکہ نیا ٹول وائس میسج بھیجنے سے پہلے ہی اسے ٹیکسٹ میں تبدیل کردے گا۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے لیے چیٹ بار میں دائیں جانب ایک نیا بٹن شامل کیا جائے گا۔ پہلی بار استعمال کرنے پر واٹس ایپ صارف کو مختصر تعارفی صفحہ دکھائے گا اور زبان منتخب کرنے کا آپشن دے گا۔

زبان منتخب کرنے کے بعد صارف ’لیسننگ موڈ‘ پر سوئچ کرکے اپنا پیغام بول سکے گا، جسے واٹس ایپ ٹیکسٹ میں تبدیل کردے گا۔

یہ فیچر ون آن ون اور گروپ چیٹس دونوں میں استعمال کیا جاسکے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ٹول کے لیے وہی لوکل لینگوئج پیکس استعمال ہوں گے جو واٹس ایپ وائس میسجز کو ٹرانسکرائب کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

اس نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ اسے آف لائن بھی استعمال کیا جاسکے گا، جبکہ صارفین کے پیغامات کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ بھی حاصل ہوگا۔

فی الحال یہ فیچر بیٹا ورژن میں آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اسے عام صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں