چین میں 500 ڈگری سینٹی گریڈ کی آگ میں داخل ہو کر انسانوں کو بچانے والے روبوٹ کا کامیاب تجربہ

چین نے انتہائی شدید گرمی اور آگ میں داخل ہو کر پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے کی صلاحیت رکھنے والے فائر فائٹنگ روبوٹ کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

چینی میڈیا کے مطابق ’ٹیان لینگ‘ نامی چار ٹانگوں والے روبوٹ نے 500 ڈگری سینٹی گریڈ تک شدید حرارت والی آگ میں عملی تربیتی مشق کامیابی سے مکمل کی۔

رپورٹ کے مطابق روبوٹ کو شدید گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی حفاظتی لباس سے لیس کیا گیا ہے، جس کی مدد سے وہ انتہائی خطرناک ماحول میں کام کرسکتا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق ٹیان لینگ ایک مرتبہ میں تقریباً 2 منٹ تک آگ کے اندر داخل ہو کر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

روبوٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ صرف آگ کے مرکز تک پہنچنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا بلکہ خطرناک اور زہریلی گیسوں کی موجودگی کا بھی پتا لگا سکتا ہے۔

چینی ماہرین کے مطابق روبوٹ کو ایسے مقامات پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جہاں انسانی فائر فائٹرز کے لیے براہِ راست داخل ہونا انتہائی خطرناک ہو، جبکہ اس کی مدد سے آگ میں پھنسے افراد کو تلاش کرکے ریسکیو کرنے کی کوشش بھی کی جاسکتی ہے۔

روبوٹ تیار کرنے والی کمپنی کو امید ہے کہ مستقبل میں ٹیان لینگ کو فائر فائٹرز کے آگ کے مقام میں داخل ہونے سے پہلے وہاں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

اس ٹیکنالوجی کا مقصد خطرناک ریسکیو آپریشنز میں انسانی جانوں کو لاحق خطرات کم کرنا اور فائر فائٹرز کو بہتر معلومات فراہم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں