اے آئی پر زیادہ انحصار کرنے والے طالبعلموں کی کارکردگی کم رہی: تحقیق

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ تدریسی سرگرمیوں کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹس پر انحصار کرنے والے طالبعلموں کی کارکردگی ان طلبہ کے مقابلے میں کم رہی جو اے آئی استعمال نہیں کرتے۔

انجمن اقتصادی تعاون و ترقی (او ای سی ڈی) کی تعلیم سے متعلق رپورٹ میں اے آئی ٹیکنالوجی کے بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ میں اے آئی سے دور رہنے والے طالبعلموں کے سائنس ٹیسٹ کے نتائج کا موازنہ اے آئی چیٹ بوٹس استعمال کرنے والے 484 طالبعلموں کے اسکور سے کیا گیا۔

نتائج کے مطابق اے آئی استعمال نہ کرنے والے طالبعلموں کا اوسط اسکور 509 رہا، جبکہ چیٹ بوٹس استعمال کرنے والے طالبعلموں کا اوسط اسکور 481 تھا۔

تحقیق کے مطابق دونوں گروپس کے درمیان 28 پوائنٹس کا فرق تقریباً ڈیڑھ سال کے دوران برقرار رہا۔

اسی طرح کے نتائج اے آئی کے دیگر تعلیمی استعمال، جیسے کسی نئے موضوع پر تحقیق کرنے اور مطالعے کے بعد خلاصہ تیار کرنے کے معاملات میں بھی سامنے آئے۔

محققین کا کہنا ہے کہ کسی چیز کو سیکھنے کے لیے ضروری نہیں کہ طالبعلم مواد کو محض رٹنا شروع کردیں، بلکہ ذہنی کوشش اور خود سوچنے کا عمل نئے مواد کو سمجھنے اور سیکھنے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق میں اے آئی ٹیکنالوجی کو مستقل انحصار کے بجائے عارضی معاون کے طور پر استعمال کرنے پر زور دیا گیا ہے، تاکہ طالبعلم اپنی ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بہتر انداز میں سیکھ سکیں۔

محققین کے مطابق اگر طالبعلم اے آئی پر حد سے زیادہ انحصار کرنے لگیں تو اس کے منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان محققین نے 2022 میں بھی اسی نوعیت کی تحقیق کی تھی، اس وقت اے آئی ٹیکنالوجی تیزی سے مقبول ہونا شروع ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں