’حمل تشدد سے نہیں، کتے کے کاٹنے سے ضائع ہوا‘، جمال شاہ نے فریال گوہر کے الزامات مسترد کردیے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سابق اداکار جمال شاہ نے اپنی سابقہ اہلیہ اداکارہ فریال گوہر کی جانب سے عائد کیے گئے گھریلو تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حمل ضائع ہونے کی وجہ بھی بتادی۔

جمال شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر متعدد پوسٹس میں فریال گوہر کے دعوؤں کی تردید کی۔

اپنی ایک پوسٹ میں جمال شاہ نے بتایا کہ ان کی اور فریال گوہر کی شادی 1984 میں ہوئی تھی، جبکہ 1985 میں کتے کے کاٹنے کے باعث فریال گوہر کا حمل ضائع ہوگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 1986 سے 1988 تک دونوں لندن میں رہے، جہاں وہ سلیڈ کالج آف آرٹس میں اپنی تعلیم کے سلسلے میں مقیم تھے، جبکہ 1989 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔

جمال شاہ نے گھریلو تشدد کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی معاملہ نہیں تھا، جبکہ لندن میں قیام کے دوران انہوں نے مزید بچوں کی منصوبہ بندی بھی نہیں کی تھی۔

سابق اداکار نے بتایا کہ انہوں نے 2005 میں دوسری شادی کی۔ ان کے مطابق ان کی موجودہ اہلیہ انتہائی خیال رکھنے والی، قابل اور سمجھدار ہیں اور ان کے تین بچے ہیں۔

جمال شاہ نے کہا کہ وہ سادہ زندگی گزارتے ہیں اور ان کا باہمی تعلق پُرسکون اور خوشگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ان کے گھر آکر ان کے اہلخانہ سے مل سکتے ہیں اور اگر گھریلو تشدد کا کوئی معاملہ ہو تو اس کی تصدیق بھی کرسکتے ہیں۔
’میں نے کبھی فریال کو برا نہیں کہا‘

ایک اور پوسٹ میں جمال شاہ نے کہا کہ انہوں نے آج تک کسی انٹرویو میں فریال گوہر کے بارے میں برا نہیں کہا۔

انہوں نے کہا کہ ندا ان کی بیٹیوں کی طرح ہیں اور جب انہوں نے پروگرام میں شرکت کے لیے فون کیا تو انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ فریال گوہر بھی پروگرام میں موجود ہوں گی۔

جمال شاہ کے مطابق ایک دو روز بعد جب انہیں بتایا گیا کہ فریال گوہر بھی پروگرام میں شریک ہوں گی تو انہیں انکار کرنا مناسب نہیں لگا۔

انہوں نے کہا کہ فریال گوہر سے ان کی شادی پانچ سال تک رہی، جس پر انہیں نہ کوئی پچھتاوا ہے اور نہ ہی تلخی، دونوں مہذب انداز میں الگ ہوئے اور طویل عرصے تک انہوں نے اپنی طلاق کا میڈیا میں ذکر بھی نہیں کیا۔
’میں نے کبھی تشدد نہیں کیا‘

جمال شاہ نے ایک اور پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے کبھی تشدد نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا اور سوشل میڈیا کی غیر ضروری بحث کو ہوا دینے کے لیے فضول باتیں نہیں کرنا چاہتے۔

واضح رہے کہ فریال گوہر کی جانب سے سابق شوہر جمال شاہ پر گھریلو تشدد کے الزامات کے بعد دونوں کے درمیان ماضی کے حوالے سے یہ معاملہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث آیا ہے۔ جمال شاہ نے اپنے بیانات میں ان الزامات کی تردید کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں