امریکی گلوکارہ و اداکارہ ڈولی پارٹن کے انتقال کے بعد ان کی موسیقی کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا اور وہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ اسٹریم کی جانے والی آرٹسٹ بن گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈولی پارٹن کے انتقال کے بعد ان کے گانے ایک بار پھر دنیا بھر میں مقبول ہوگئے اور مداحوں نے بڑی تعداد میں ان کی موسیقی سننا شروع کردی۔
ڈولی پارٹن کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور رواں سال 25 اگست کو 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ کی وفات کے بعد ان کی موسیقی کے آڈیو اور ویڈیو اسٹریمز میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ اسٹریم کی جانے والی آرٹسٹ بن گئیں۔
موسیقی کے اعداد و شمار فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے مطابق ڈولی پارٹن کے انتقال کے روز دنیا بھر میں ان کے آڈیو اور ویڈیو اسٹریمز کی تعداد تقریباً 25 لاکھ سے بڑھ کر 3 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق یہ ایک ہی دن میں عالمی سطح پر اسٹریمز میں تقریباً 1280 فیصد اضافہ تھا۔
امریکا میں ڈولی پارٹن کی موسیقی کے اسٹریمز میں اضافہ مزید نمایاں رہا، جہاں ایک ہی روز آڈیو اور ویڈیو اسٹریمز کی تعداد 12 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 63 لاکھ تک پہنچ گئی۔
ڈولی پارٹن کا شمار امریکی موسیقی کی تاریخ کی مقبول ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے اور ان کے انتقال کے بعد دنیا بھر میں مداحوں کی جانب سے ان کے معروف گانوں کو دوبارہ سننے کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے۔



