پاکستانی شوبز کے معروف اداکار ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو رواں سال قومی اعزازات کی فہرست میں شامل نہ کیے جانے کی وجہ سامنے آگئی۔
ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کا شمار پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے نمایاں اداکاروں میں ہوتا ہے۔ دونوں فنکار متعدد کامیاب فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر مختلف اعزازات بھی حاصل کرچکے ہیں۔
تاہم دونوں اداکاروں کو اب تک قومی سطح کے اعزاز سے نہیں نوازا گیا، جبکہ ان کے بعض ہم عصر اور جونیئر فنکاروں، جن میں مہوش حیات اور سجل علی شامل ہیں، کو قومی اعزازات دیے جاچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال بھی قومی اعزازات کے لیے جاری کی گئی فہرست میں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے نام شامل نہیں تھے۔
اس معاملے پر سندھ کے وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ نے ایک گفتگو کے دوران اہم انکشاف کیا۔ ان کے مطابق سندھ حکومت نے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے نام قومی اعزاز کے لیے تجویز کیے تھے، تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے ان ناموں کی منظوری نہیں دی گئی۔
یہ بیان ایک تقریب کے دوران سامنے آیا، جہاں فہد مصطفیٰ کے والد اور معروف اداکار صلاح الدین تونیو بھی موجود تھے۔
سندھ کے وزیر ثقافت کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر مختلف ردعمل سامنے آرہا ہے۔
بعض صارفین نے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی اعزاز کا حقدار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں اداکاروں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور انہیں قومی سطح پر بھی تسلیم کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب قومی اعزازات کے لیے نامزدگی اور حتمی منظوری کے عمل سے متعلق حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔




