ورلڈ رگبی نیشنز کپ: نئی ٹرافیوں کی رونمائی، فائنل مرحلے کے مقابلے 20 اور 21 نومبر کو ہوں گے

ورلڈ رگبی نے افتتاحی نیشنز کپ کے اختتامی مرحلے سے قبل نئی ٹرافیوں کی رونمائی کردی۔ ٹورنامنٹ کے دو چیمپئنز کا فیصلہ 20 اور 21 نومبر کو یورپ اور ہانگ کانگ میں ہونے والے میچز کے بعد ہوگا۔

ورلڈ رگبی کے مطابق پول اے میں امریکا 19 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ پول بی میں جارجیا بھی اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔ پرتگال جارجیا سے صرف دو پوائنٹس پیچھے ہے، جبکہ ساموا، ٹونگا، چلی، اسپین اور رومانیہ بھی چیمپئن بننے کی دوڑ سے باہر نہیں ہوئے۔

امریکا ہفتے کو بخارسٹ میں رومانیہ کو شکست دے کر پول اے میں اپنی پہلی پوزیشن یقینی بنا سکتا ہے، جبکہ جارجیا کو ٹونگا کے خلاف کامیابی کے ساتھ پرتگال اور اسپین کے نتائج کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔

نیشنز کپ میں 6 براعظموں کی 12 ٹیمیں شریک ہیں، جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مقابلے کا مقصد ابھرتی ہوئی رگبی ٹیموں کو مسلسل بین الاقوامی میچز کے مواقع فراہم کرنا اور 2027 کے مینز رگبی ورلڈ کپ سے قبل ان کی تیاری بہتر بنانا ہے۔

نئی ٹرافیاں سنہری اور چاندی کے رنگ میں تیار کی گئی ہیں۔ ہر ٹرافی کی اونچائی 51 سینٹی میٹر اور وزن 9.6 کلوگرام ہے۔ ان کے ڈیزائن میں رگبی کی رفتار، طاقت اور مہارت کو نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ 12 باریک خمیدہ لکیریں ٹورنامنٹ میں شریک 12 ٹیموں کی نمائندگی کرتی ہیں۔

ورلڈ رگبی کے چیئرمین بریٹ رابنسن نے کہا کہ نیشنز کپ ابھرتی ہوئی رگبی اقوام کے لیے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے، نئے شائقین کو کھیل سے جوڑنے اور رگبی کے فروغ کا اہم موقع فراہم کر رہا ہے۔

ٹورنامنٹ میں ہر پول کی سرفہرست ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا، جبکہ مقابلے کا کوئی الگ فائنل نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں