بھارتی کامیڈین اور ریئلٹی شو بگ باس 17 کے فاتح منور فاروقی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے محض 8 سال کی عمر میں کام کرنا شروع کردیا تھا اور اس وقت روزانہ 10 سے 20 روپے کماتے تھے۔
منور فاروقی نے سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے پروگرام میں شرکت کے دوران اپنے بچپن، مالی مشکلات اور کم عمری میں کام کرنے کے تجربات کے بارے میں گفتگو کی۔
اسٹینڈ اپ کامیڈین نے بتایا کہ انہوں نے 8 سال کی عمر میں ایک چھوٹی سی دکان پر کام شروع کیا تھا، جہاں وہ مختلف چیزیں فروخت کرتے تھے اور اس کام سے انہیں روزانہ 10 سے 20 روپے ملتے تھے۔
انہوں نے اپنے ابتدائی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 11 سال کی عمر میں انہوں نے ایک گفٹ شاپ پر بھی کام کیا، جہاں وہ تقریباً دو سے چار ماہ تک ملازمت کرتے رہے، تاہم برتنوں کی دکان پر کام کرنا ان کی پہلی باقاعدہ ملازمت تھی۔
منور فاروقی نے اپنی تعلیم کے حوالے سے بتایا کہ وہ پڑھائی میں اچھے تھے اور تعلیم جاری رکھنا چاہتے تھے، لیکن حالات کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
ان کے مطابق انہوں نے چھٹی جماعت تک تعلیم حاصل کی اور اپنی کلاس کے بہترین طلبہ میں شمار ہوتے تھے۔ وہ اکثر امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے تھے۔
کامیڈین کا کہنا تھا کہ تعلیم جاری نہ رکھ پانے پر انہیں کبھی زیادہ مایوسی نہیں ہوئی، کیونکہ اب جب وہ اپنے ماضی پر نظر ڈالتے ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ انہیں کم عمری سے ہی کام کرنے میں دلچسپی اور خوشی محسوس ہوتی تھی۔
واضح رہے کہ منور فاروقی بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین ہیں، جنہوں نے ریئلٹی شو بگ باس 17 جیت کر ملک بھر میں مزید شہرت حاصل کی۔




