وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات پر حکومتی ریلیف صارفین تک نہ پہنچانے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بعض پیٹرول پمپس کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ ایسے پیٹرول پمپس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو حکومتی فیصلوں کے مطابق ریلیف مل سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان تھا، تاہم حکومت کے بروقت فیصلے کے باعث یہ اضافہ نہیں کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے اور حکومت ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سیکیورٹی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔




