جنوبی کوریا میں ایک شارک نے امدادی کارکنوں کی بار بار کوششوں کے باوجود کھلے سمندر میں جانے کے بجائے دوبارہ نہر کا رخ کرلیا، جس کے بعد یہ غیر معمولی واقعہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر بوسان کی ایک مصنوعی نہر میں کئی ہفتے قبل ایک شارک پھنس گئی تھی۔ اسے کھلے سمندر میں واپس بھیجنے کے لیے امدادی کارکنوں نے بڑے جالوں کی مدد سے متعدد کوششیں کیں، تاہم کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔
رپورٹس کے مطابق حکام نے تیسری مرتبہ شارک کو سمندر کی جانب لے جانے کی کوشش کی، جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی ہوگئے تھے، لیکن چند گھنٹوں بعد شارک رکاوٹیں عبور کرکے دوبارہ اسی نہر میں واپس آگئی۔
’بوکانگی‘ شارک لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی
’بوکانگی‘ (Bukangi) کے نام سے مشہور ہونے والی اس شارک کو دیکھنے کے لیے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ نہر کے قریب جمع ہوتے ہیں۔
حکام کے مطابق شارک کو بار بار واپس آنے سے روکنے کے لیے نہر میں موجود رکاوٹوں کو مزید مضبوط کردیا گیا ہے۔
تاہم اب تک شارک کو مستقل طور پر کھلے سمندر میں بھیجنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں اور وہ بار بار اسی آبی گزرگاہ کا رخ کرلیتی ہے۔
شارک کے مسلسل نہر میں واپس آنے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی، جبکہ حکام اسے محفوظ طریقے سے کھلے سمندر میں منتقل کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔




