ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے عمان کو شکست دے دی، سیمی فائنل میں بھارت سے مقابلہ

ایشین گیمز ہاکی کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے عمان کو 2 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

جاپان میں جاری ایشین گیمز کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ہاف ٹائم تک 2-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے ہیٹ ٹرک اسکور کی، جبکہ سفیان خان نے 2، غضنفر علی اور محمد عماد نے ایک، ایک گول کیا۔

پاکستان نے پول بی میں 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ملائیشیا 15 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہا۔

پاکستان نے پول مرحلے کے 5 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ اسے واحد شکست ملائیشیا کے ہاتھوں ہوئی۔

قومی ٹیم نے پول مرحلے کے 5 میچز میں مجموعی طور پر 28 گول اسکور کیے، جبکہ پاکستان کے خلاف 8 گول ہوئے۔

پاکستان اور ملائیشیا کے میچ کے بعد ایشین گیمز ہاکی کے سیمی فائنلز کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔

پہلا سیمی فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ملائیشیا اور کوریا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

دوسری جانب پول اے کے آخری میچ میں کوریا نے جاپان کو 3-2 سے شکست دے دی، جبکہ بھارت اور بنگلادیش کے درمیان میچ جاری ہے۔

بھارتی ٹیم بنگلادیش کے خلاف شکست کی صورت میں بھی بہتر گول اوسط کی بنیاد پر گروپ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں