میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے آئرلینڈ میں 19ویں صدی کا ایک تاریخی محل خرید لیا ہے، جس کے ساتھ سیکڑوں ایکڑ اراضی بھی شامل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل مارک زکربرگ نے آئرلینڈ میں واقع Strancally Castle کو خرید لیا ہے۔ تاریخی محل کے ساتھ تقریباً 440 ایکڑ رقبے پر مشتمل زمین بھی موجود ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زکربرگ نے یہ جائیداد تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ سے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے درمیان میں خریدی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 6 ارب 38 کروڑ سے 9 ارب 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔
میٹا کے ترجمان کے مطابق مارک زکربرگ اور ان کا خاندان تاریخی گھر کی دیکھ بھال جاری رکھیں گے اور آئرلینڈ میں وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ میٹا کا یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لیے بین الاقوامی ہیڈکوارٹر بھی آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں واقع ہے۔
Strancally Castle دریا کے کنارے سرسبز علاقے میں واقع ہے۔ 2001 کی ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق محل میں کم از کم 11 بیڈ رومز کے علاوہ ٹاورز میں 4 کمرے، ایک لائبریری، ڈائننگ روم اور ڈرائنگ روم بھی موجود ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مارک زکربرگ نے یہ تاریخی جائیداد ایک ایسے سرمایہ کار سے خریدی ہے جو گزشتہ 25 برس سے اپنے خاندان کے ہمراہ وہاں مقیم تھا۔
میٹا نے 2017 میں ڈبلن میں تقریباً 31 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر مشتمل ڈیٹا سینٹر بھی قائم کیا تھا، جو زکربرگ کی نئی جائیداد سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر بتایا جاتا ہے۔
یہ رواں سال مارک زکربرگ کی جانب سے بڑی جائیداد کی خریداری کا پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل انہوں نے امریکی شہر میامی میں تقریباً 17 کروڑ ڈالر مالیت کا گھر بھی خریدا تھا۔
مارک زکربرگ دنیا کی بڑی ٹیک کمپنی میٹا کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو ہیں اور ان کی جائیدادوں اور لگژری پراپرٹیز میں سرمایہ کاری اکثر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنتی رہتی ہے۔




