امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ صورتحال پر سخت بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران تباہ ہوچکا ہے اور اب وہ مشرق وسطیٰ میں پہلے جیسا طاقتور کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں ایک بار پھر آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ کنٹرول برقرار رہے گا۔
امریکی صدر کے مطابق لوگ امریکی بحری ناکہ بندی کو ’آہنی دیوار‘ قرار دے رہے ہیں، تاہم ایران اس کے خلاف کچھ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب نہ بحریہ باقی ہے اور نہ فضائیہ، جبکہ پاسدارانِ انقلاب بھی ختم ہوچکی ہے اور اس کے اہلکار فرار ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی فوجیوں کو تنخواہیں بھی نہیں مل رہیں۔
ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بے یقینی کا شکار ہے اور ایران کے پاس مالی وسائل کی کمی ہے۔ ان کے بقول ایران تباہ ہوچکا ہے، جبکہ ملک میں مہنگائی کی شرح 300 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور حالات مزید خراب ہوں گے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران صرف باتیں کرتا ہے اور عملی کارروائی نہیں کرتا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’’اللہ کا شکر ہے، ایران اب مشرق وسطیٰ کا بدمعاش نہیں رہا۔‘‘

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




