زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی: ماہرہ خان

پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے کہا ہے کہ انہیں زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، تاہم اللہ کی منصوبہ بندی انسان کی سوچ سے بہتر ہوتی ہے۔

ماہرہ خان نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے موقع پر ایک انٹرویو میں دوسری مرتبہ ماں بننے کے تجربے پر گفتگو کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب پہلی بار ماں بنی تو ان کی عمر 24 سال تھی، جبکہ اب وہ 41 برس کی ہیں اور جسمانی و جذباتی طور پر ایک مختلف مرحلے میں ہیں۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ اس بار حمل کا تجربہ جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوا، بعض دنوں میں جسم انہیں وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو وہ کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عمر میں انسان زیادہ باشعور اور فکرمند ہوتا ہے، اس لیے دوسری مرتبہ ماں بننے کے دوران خوشی کے ساتھ خوف، تھکن اور خود کو کمزور محسوس کرنے جیسے جذبات بھی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق اس تجربے نے انہیں یہ سکھایا کہ ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننے کی ضرورت نہیں، بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللہ کی مرضی کے آگے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان کا پہلا بیٹا اذلان 2009 میں پیدا ہوا تھا۔ اداکارہ نے 2016 میں اپنے پہلے شوہر علی عسکری سے طلاق کے بعد اکتوبر 2023 میں سلیم کریم سے دوسری شادی کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں