بھارتی اداکار اور بگ باس سیزن ون کے فاتح راہول رائے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادیوں میں رقص کرکے 2 سے 4 لاکھ بھارتی روپے تک کما لیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں راہول رائے نے بتایا کہ 2020 میں برین اسٹروک کے بعد انہیں پیشہ ورانہ اور مالی زندگی میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شادیوں میں رقص کرنے کی وجہ سے ہونے والی تنقید پر اداکار نے کہا کہ انہیں اس پر کوئی شرمندگی نہیں، ان کے اخراجات ہیں اور انہیں پورا کرنے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے۔
راہول رائے نے کہا کہ 2020 میں فالج کے بعد ان کے لیے کام کرنا مشکل ہوگیا تھا، اس لیے وہ اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے جو کچھ کرسکتے تھے، انہوں نے کیا۔
اداکار کے مطابق وہ شادیوں میں رقص کرکے 2 سے 4 لاکھ بھارتی روپے کما لیتے ہیں، تاہم انہیں تنقید کا نشانہ بنانے والے لوگ نہیں جانتے کہ انہیں مالی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فالج نے ان کے کیریئر پر گہرا اثر ڈالا اور گزشتہ چند برسوں کا بیشتر وقت صحت یاب ہونے میں گزر گیا، جس کے باعث وہ اتنا کام نہیں کرسکے جتنا کرنا چاہتے تھے۔
راہول رائے نے کہا کہ وہ 60 سال کی عمر میں اپنی زندگی اور مالی حالات کو دوبارہ بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اداکار نے گفتگو کے دوران اپنے بھائی کے ساتھ 30 لاکھ بھارتی روپے کے قانونی تنازع اور طلاق کے بعد اپنی مالی صورتحال پر بھی بات کی۔
ان کے مطابق علیحدگی کے دوران انہوں نے اپنے اثاثے سابق اہلیہ کے نام منتقل کردیے تھے اور اب وہ دوبارہ اپنے مالی حالات بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔




