پیٹرولیم لیوی ختم کردیں، لانگ مارچ منسوخ کردیں گے: حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ انہیں احتجاج کا کوئی شوق نہیں، حکومت آج ہی پیٹرولیم لیوی ختم کردے تو لانگ مارچ منسوخ کردیں گے۔

خیبرپختونخوا میں مختلف جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کا لانگ مارچ 20 ستمبر سے شروع ہوگا اور 23 یا 24 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کراچی سے ٹرین مارچ کے ذریعے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے سامنے پیٹرولیم لیوی سمیت عوامی مسائل کے حوالے سے تجاویز رکھی ہیں، تاہم حکومت انہیں تسلیم کرنے سے انکار کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی لانگ مارچ کرے گی، اگر راستے میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اسے دور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صرف سیاسی جماعتیں تبدیل کرنے سے حالات نہیں بدلتے، جن جماعتوں میں مافیا موجود ہوں وہ ان کے خلاف آواز کیسے اٹھا سکتی ہیں؟

حافظ نعیم الرحمان نے خیبرپختونخوا حکومت کو بھی عوامی مسائل پر توجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نہ معیشت بہتر ہورہی ہے اور نہ ہی صوبے میں امن قائم ہے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں