لندن کے میئر لارڈ صادق خان کو بغیر ٹیکس گاڑی رکھنے کے مقدمے میں 220 پاؤنڈ جرمانے اور عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ڈرائیور اینڈ وہیکل لائسنسنگ ایجنسی (DVLA) نے 24 سال پرانی نسان مائیکرا کا ٹیکس ادا نہ کیے جانے پر صادق خان کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
مجسٹریٹ نے صادق خان کی غیر موجودگی میں انہیں مقدمے میں قصوروار قرار دیا، جبکہ عدالت نے 220 پاؤنڈ جرمانہ اور 85 پاؤنڈ عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا۔
صادق خان کو گاڑی کے واجب الادا ٹیکس کی مد میں مزید 35.84 پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے۔
گاڑی کی ملکیت پر سوال
سٹی ہال حکام کے مطابق جس گاڑی سے متعلق مقدمہ قائم کیا گیا وہ نہ تو صادق خان کی ملکیت ہے اور نہ ہی ٹرانسپورٹ فار لندن (TfL) کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈی وی ایل اے نے مقدمے اور سزا کے حالات کا ازسرنو جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق مقدمے سے متعلق خطوط صادق خان کے دفتر کے بجائے معروف شیف گورڈن ریمزے کے ریسٹورنٹ کے پتے پر بھیجے گئے تھے۔
دستاویزات کے مطابق صادق خان کے خلاف کارروائی ’سنگل جسٹس پروسیجر‘ کے تحت کی گئی، جس میں معمولی نوعیت کے مقدمات میں مجسٹریٹ فریقین کی عدالت میں موجودگی کے بغیر فیصلہ کرسکتا ہے۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈی وی ایل اے نے ممکنہ طور پر غلط اندراج یا ریکارڈ کی غلطی کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




