عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی، ایئر فرانس اور کے ایل ایم پر 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر جرمانہ

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے عراقی فضائی حدود میں پروازوں سے متعلق حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر فرانسیسی ایئرلائن ایئر فرانس اور نیدرلینڈز کی فضائی کمپنی کے ایل ایم پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔

جرمانے کی یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 11 کروڑ 75 لاکھ روپے بنتی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق دونوں ایئرلائنز پر بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن میں 32 ہزار فٹ سے کم بلندی پر پروازیں چلانے کا الزام ہے، جبکہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی ایئرلائنز کی پروازوں پر اس حوالے سے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

ڈیلٹا ایئر لائن کے ساتھ کوڈ شیئرنگ کا معاملہ

ایئر فرانس اور کے ایل ایم کی متعلقہ پروازیں امریکی ایئرلائن ڈیلٹا کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدے کے تحت چلائی جارہی تھیں۔ امریکی حکام کے مطابق اس نوعیت کے معاہدوں کے تحت متعلقہ پروازوں پر امریکی حفاظتی ضوابط لاگو ہوتے ہیں۔

حکام کے مطابق مبینہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ 2022 سے 2025 کے درمیان جاری رہا۔ اس دوران ایئر فرانس کی 30 سے زائد جبکہ کے ایل ایم کی 100 سے زائد پروازیں مقررہ حفاظتی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عراقی فضائی حدود سے گزریں۔

کے ایل ایم پر زیادہ جرمانہ عائد

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کی جانب سے کے ایل ایم پر 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر جبکہ ایئر فرانس پر ایک لاکھ 5 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

دونوں ایئرلائنز کو مجموعی جرمانے میں سے 2 لاکھ 65 ہزار ڈالر اگلے 60 دن کے اندر ادا کرنا ہوں گے۔ باقی رقم کی ادائیگی اس شرط سے مشروط ہے کہ دونوں کمپنیاں آئندہ ایک سال کے دوران اس نوعیت کی خلاف ورزی دوبارہ نہ کریں۔

ایئرلائنز کا مؤقف

دونوں ایئرلائنز نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ ریگولیٹری ضوابط کی مکمل پاسداری کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کے مطابق متعلقہ پروازوں کے دوران فضائی ٹریفک کے دباؤ کے باعث عراقی ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے پائلٹس کو بلندی کم کرنے یا مزید بلندی پر نہ جانے کی براہ راست ہدایات دی تھیں۔ ایئرلائنز کا مؤقف ہے کہ پروازوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ان ہدایات پر عمل کرنا ضروری تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں