چین میں جاری مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پول بی کے میچ میں ملائیشیا نے 9ویں منٹ میں محمد صالحی کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔
دو کوارٹرز میں گول کرنے میں ناکام رہنے والی پاکستانی ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے چار گول داغ دیے۔
پاکستان کی جانب سے 32ویں منٹ میں ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کیا، جبکہ 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلادی۔
رانا ولید نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں لگاتار دو گول اسکور کیے، جس سے پاکستان کی برتری 1-4 ہوگئی۔
41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پاکستان کا پانچواں گول کیا۔ ملائیشیا کی جانب سے گناسیلن دھیرش نے 54ویں منٹ میں دوسرا گول کیا، تاہم پاکستان نے برتری برقرار رکھتے ہوئے میچ 2-5 سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے دو گول اسکور کیے جبکہ علی حمزہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان نے ایونٹ میں اب تک تینوں میچز جیتے ہیں اور ناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار کامیابی پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




