سعودی عرب نے حوثیوں کو بے گناہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملے جاری رکھنے کی صورت میں سنگین نتائج سے خبردار کردیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے سعودی شہروں پر یمنی حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 73 شہری زخمی ہوئے۔
سعودی وزارت خارجہ نے بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں اور بحری جہاز رانی کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ملکی سرزمین اور قومی صلاحیتوں کے خلاف کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، سعودی عرب کو اپنی خودمختاری کے دفاع اور قومی صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق حاصل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ بے گناہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر حوثیوں کے حملے جاری رہے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




