اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں قیدِ تنہائی میں نہ رکھنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مبینہ طور پر قیدِ تنہائی میں رکھنے کے خلاف دائر درخواستوں کو ہدایات کے ساتھ نمٹا دیا۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان جبکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے مبشرہ خاور مانیکا نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں جیل حکام کو بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل یقینی بنائیں کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو قیدِ تنہائی میں نہ رکھا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی اہلِ خانہ سے ملاقات جیل قوانین کے مطابق کرائی جائے، جبکہ انہیں اپنے بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات چیت کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو روزانہ اخبارات اور کتابیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

عدالت نے قرار دیا کہ عمران خان کو جیل رولز کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی آڈیو ریکارڈنگ کی سہولت کا غلط استعمال ہونے کی صورت میں یہ سہولت واپس لی جاسکتی ہے۔

عدالت نے نصرت بھٹو کیس اور بیگم شمیم آفریدی کے مقدمات میں دیے گئے فیصلوں کی روشنی میں درخواستوں کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں