امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں فیصلہ کن کارروائی کے لیے ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کے امکان کو مسترد کردیا۔
اوول آفس میں ایک تقریب کے دوران صحافی نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ کیا وہ ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کراسکتے ہیں؟
سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی یقین دہانی نہیں کریں گے، تاہم ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی کوئی وجہ نہیں، ایران پہلے ہی مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے۔
ٹرمپ نے صحافی کے سوال کو ’احمقانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب ایران کو شکست دی جاچکی ہے تو اس کے بعد ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
امریکی صدر نے ایران پر حکومت مخالف افراد کے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائم پر ایران کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔
ٹرمپ کے مطابق ایران نے حکومت مخالف ایک لاکھ سے زائد افراد کو قتل کیا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اردن میں فوجی اڈے پر حملوں کے جواب میں ایران کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
امریکی میڈیا فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اردن میں ایرانی حملوں کے جواب میں امریکا کی جانب سے سخت ردعمل دیا جائے گا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




