وزیراعظم آزاد کشمیر کا انٹرنیٹ سروس 2 روز میں بحال کرنے کا اعلان

نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے ریاست میں انٹرنیٹ سروس آئندہ دو روز میں مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

مرکزی ایوان صحافت کے پہلے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے داخلی اور خارجی راستے بھی آئندہ دو روز میں بحال کردیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس مرحلہ وار بحال کی جائے گی، پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کے لیے آئندہ دو روز کے دوران انٹرنیٹ سروس بحال کردی جائے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی دو روز قبل آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں