روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں ایک بار پھر شدت آگئی، دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق روسی ڈرون حملے میں یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں ایک شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 130 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق حملے سے شاپنگ سینٹر کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔
دوسری جانب یوکرین نے بھی روس میں آئل ریفائنری اور فوجی فضائی اڈے سمیت مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔ روسی حکام کے مطابق ان حملوں میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین نے سامارا کے علاقے میں ایک صنعتی تنصیب کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔
ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کو جوابی کارروائیوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی معاشی تنصیبات کو نشانہ بنا کر یوکرین نے ’’پنڈورا بکس‘‘ کھول دیا ہے، جس کے بعد روس بھی یوکرین کے اہم معاشی شعبوں کو نشانہ بنائے گا۔
روسی میڈیا سے گفتگو میں پیوٹن نے الزام عائد کیا کہ یوکرین نے روسی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے اور اب اسے روس کے جوابی حملوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
روسی صدر نے ایک بار پھر کہا کہ روس امن مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم یوکرین کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر بات چیت نہیں کی جائے گی۔
دونوں ممالک کے درمیان حالیہ حملوں کے بعد جنگ میں مزید شدت آنے اور امن مذاکرات کے امکانات متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔




