سکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ ملک کے مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 49 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں متعدد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 37 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی برآمد کرکے تلف کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں بھی متعدد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جہاں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈیز، ہتھیار، گولہ بارود اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کے لیے جاری بلا تعطل انسدادِ دہشتگردی مہم کا حصہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا ہے اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی عناصرکے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، جبکہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی کی مہم جاری رکھی جائے گی۔




