سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے باعث واپس کردی۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے حکومتی نظرثانی درخواست پر اعتراضات عائد کیے، جن میں درخواست کے ساتھ پیپر بکس مکمل نہ ہونے کا اعتراض بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے نظرثانی درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دو روز قبل عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی حکم کے باوجود تاحال انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔
بعد ازاں چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے درخواست دوبارہ دائر کیے جانے کے بعد معاملہ عدالت کے سامنے پیش ہوگا۔




