لاہور میں بزرگ شہری کے قتل کا معمہ حل، بیٹی نے پسند کی شادی کے لیے والد کو قتل کروایا

شیراکوٹ کے علاقے میں بزرگ شہری رحمت علی کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں مقتول کی بیٹی اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن حسن فاروق گھمن کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول کی بیٹی اپنے دوست سے شادی کرنا چاہتی تھی، تاہم والد اس شادی کے خلاف تھے۔

پولیس کے مطابق والد کی جانب سے شادی پر اعتراض کے بعد ملزمہ نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر والد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ مبینہ طور پر دونوں نے کرائے کے قاتلوں کی مدد حاصل کی۔

ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزمہ نے مبینہ طور پر کرائے کے قاتلوں کو 2 لاکھ روپے دے کر اپنے والد کو قتل کروایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رحمت علی کو 10 اگست کو شیراکوٹ کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس نے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واردات میں ملوث مبینہ کرائے کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران قتل کے محرکات اور واردات میں ملوث دیگر افراد سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں