جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ بہت پہلے آ جانا چاہیے تھا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہے، تاہم یہ فیصلہ بہت پہلے آ جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے فیصلہ پارٹی کا اپنا ہے، وہ احتجاج جاری رکھتی ہے یا ختم کرتی ہے، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت تک شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے، جہاں ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔ عدالت نے عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور انہیں سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال متاثر نہیں ہونی چاہیے اور عمران خان کے علاج کو سیاسی معاملہ نہیں بنایا جائے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ہفتے میں ایک دن اہلخانہ کی ملاقات کرانے کی بھی ہدایت کی ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔




