لاہور کے تھانوں میں خواتین افسران کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنانے کا فیصلہ

لاہور پولیس نے خواتین کی شکایات کے فوری ازالے اور انہیں بہتر قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے تھانوں میں خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق تھانوں میں لیڈیز پولیس کی ہمہ وقت موجودگی سے خواتین کو اپنی شکایات بلاجھجھک بیان کرنے میں سہولت ملے گی، جبکہ انہیں ضروری قانونی رہنمائی اور معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے بعد خواتین کو رات کے اوقات میں بھی پولیس سے رابطے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد، ہراسانی اور خواتین سے متعلق دیگر شکایات پر فوری رسپانس یقینی بنایا جائے گا، جبکہ خواتین پولیس اہلکار متاثرہ خواتین کی شکایات سننے اور انہیں مناسب قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہر وقت دستیاب ہوں گی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تھانوں میں خواتین پولیس کی 24 گھنٹے موجودگی خواتین کے لیے محفوظ اور معاون پولیسنگ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں