ہنگو میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک، کیپٹن حمزہ شہید

سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، آپریشن کے دوران کیپٹن حمزہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہنگو میں 7 اگست کو بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد متعدد شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آپریشن کے دوران کیپٹن حمزہ نے جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن حمزہ اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے خوارج کا مسلسل تعاقب کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، جبکہ بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کے تحفظ اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں