بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی نجی زندگی سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس وقت ان کی زندگی میں کوئی مرد موجود نہیں ہے اور انہیں مستقبل کے بارے میں بھی کچھ معلوم نہیں۔
ثانیہ مرزا حال ہی میں اپنی قریبی دوست اور فلم ساز فرح خان کے ہمراہ بالی ووڈ اداکارہ نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے میزبانی میں پیش کیے جانے والے ایک ٹاک شو میں شریک ہوئیں، جہاں گفتگو کے دوران ان کی ذاتی زندگی بھی موضوعِ بحث بنی۔
میزبانوں نے سابق ٹینس اسٹار سے سوال کیا کہ کیا انہیں کسی نے کافی پر ملاقات کی پیشکش کی ہے؟ اس پر ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے مرد دوست اکثر انہیں اپنے ساتھ گھومنے پھرنے اور سفر پر جانے کی دعوت دیتے ہیں، تاہم وہ انہیں صرف دوست ہی سمجھتی ہیں۔
اس موقع پر فرح خان نے بھی انکشاف کیا کہ ان کے بعض دوست اکثر فون کرکے پوچھتے ہیں کہ کیا ثانیہ مرزا واقعی سنگل ہیں اور کیا ان کی زندگی میں کوئی شخص موجود نہیں؟
اس سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ ان کی زندگی میں فی الحال کوئی مرد نہیں ہے اور انہیں نہیں معلوم کہ مستقبل میں کوئی ان کی زندگی میں آئے گا یا نہیں۔
ثانیہ مرزا کے اس بیان کے بعد ان کی نجی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد سے ان کے مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔
ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے اپریل 2010 میں شادی کی تھی، جبکہ اکتوبر 2018 میں ان کے ہاں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔ دونوں کے درمیان علیحدگی 2023 کے آخر میں ہوئی، جس کے بعد شعیب ملک نے جنوری 2024 میں پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔
علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا نے اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے علاوہ اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھی۔
ثانیہ مرزا کا شمار بھارت کی کامیاب ترین ٹینس کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 2023 میں پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے خواتین کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں مجموعی طور پر 6 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




