وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کی رضامندی سے ہی ممکن ہے، کسی جماعت یا فریق کے اختلاف کی صورت میں نئے صوبے نہیں بنائے جائیں گے۔
لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کی رائے اہمیت رکھتی ہے اور اس حوالے سے بہترین راستہ عوام سے رائے لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملے پر عوامی رائے جاننے کے لیے کوئی دوسرا بہتر طریقہ موجود ہے تو اس پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔ عوام اگر نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں ہوں گے تو وہ ان کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ہر سیاسی جماعت کا اپنا مؤقف ہے، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتیں حکومت کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر کوئی فیصلہ اختلافات کے ذریعے نہیں ہوگا بلکہ تمام فریقین کی رضامندی ضروری ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ ایک دو روز سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ آئندہ کیا ہونے والا ہے، تاہم عمران خان کو ان کا قانونی حق اور عدالت کی جانب سے جو ریلیف ملے گا، وہی دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
آن لائن ہراسانی اور سائبر کرائمز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ خواتین اور خصوصاً لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ ان کے مطابق آن لائن فراڈ کے بیشتر واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے اور وزارت داخلہ میں موجود بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرپٹ افراد کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں زمینوں پر قبضے کے معاملات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت کی اراضی پر جس بے دردی سے قبضے کیے گئے ہیں، اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔




