بانی پی ٹی آئی کے لیے راستے صرف عدالتوں سے کھل سکتے ہیں، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے لیے قانونی راستہ صرف عدالتوں کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے، حکومت کے پاس ان کے لیے نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی ڈھیل۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق تمام معاملات عدالتوں کے ذریعے ہی حل ہوسکتے ہیں۔ ایک جانب عمران خان خود کو آئرن مین ظاہر کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت سے رابطوں کی باتیں کی جاتی ہیں، جو ان کے مؤقف سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اس وقت بیک ڈور یا فرنٹ ڈور کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ان کے مطابق حکومت سے خفیہ رابطوں کی خبریں محض خواہشات پر مبنی ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو طبی ماہرین کا کردار ادا کرنے کے بجائے اپنے قانونی امور پر توجہ دینی چاہیے، جس سے معاملات میں کوئی مثبت پیش رفت ممکن ہوسکتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے لیے کسی قسم کی خصوصی رعایت یا حکومتی ڈیل زیرِ غور نہیں اور ان کے معاملات کا فیصلہ قانونی اور عدالتی طریقہ کار کے مطابق ہی ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں