امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران کے ساتھ مذاکرات اور دیگر خارجہ پالیسی معاملات سے بظاہر دور کرتے ہوئے امریکا کے داخلی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، جبکہ انہوں نے جے ڈی وینس کو ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم، بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائیوں پر توجہ دینے کا کہا ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نائب صدر جے ڈی وینس ایک سینئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ براہِ راست امن مذاکرات کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس اس سے قبل ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں کردار ادا کر رہے تھے، تاہم حالیہ پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے ان کی ترجیحات تبدیل کردی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں اور اب وہ وقت گزر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس ایران کے اربوں ڈالر اور آبنائے ہرمز بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے ڈی وینس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امریکا بھر میں ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ فراڈ اور مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف مہم کی قیادت کریں۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ بڑے پیمانے پر ہونے والی مبینہ مجرمانہ سرگرمیوں کا خاتمہ امریکی بجٹ کو تیزی سے متوازن بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے ڈیموکریٹ قیادت پر بدعنوانی کے الزامات بھی عائد کیے۔
دوسری جانب جے ڈی وینس نے گزشتہ ہفتے ریپبلکنز کی مڈٹرم انتخابات میں شکست کے بعد ایران جنگ کو پارٹی کی انتخابی ناکامی کی ایک ممکنہ وجہ قرار دیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ نے ریپبلکنز کی انتخابی مشکلات میں اضافہ کیا۔
جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے ایک مضبوط امیدوار سمجھا جاتا ہے۔ ایسے میں خارجہ پالیسی سے متعلق ان کی ذمہ داریوں میں ممکنہ کمی اور داخلی معاملات پر توجہ کی ہدایت کو امریکی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




