قوم کے ووٹ سے منتخب ہونیوالے ہی قوم کے فیصلے کریں گے، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ قوم کے فیصلے وہی لوگ کریں گے جنہیں عوام نے ووٹ دے کر منتخب کیا، خیراتی یا مصنوعی مینڈیٹ پر بیٹھے لوگ قوم کے فیصلے نہیں کرسکتے۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صحت، تعلیم، توانائی اور دیگر شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، تاہم آج بعض وفاقی وزرا 18ویں ترمیم کے خلاف بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم سے قبل جناح اسپتال کی صورتحال کیا تھی اور آج کیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ آج ایسے لوگ 18ویں ترمیم پر لیکچر دے رہے ہیں جو فارم 47 کی پیداوار ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ تھر سے ساڑھے 3 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہورہی ہے اور سندھ کے وسائل سے پیدا ہونے والی توانائی سے پورے ملک کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر نے مصطفیٰ کمال، احسن اقبال، خواجہ آصف اور دیگر وفاقی وزرا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں کسی معاملے پر اعتراض ہے تو پارلیمنٹ میں بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی ہر بات کا آئینی اور قانونی جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اگر کسی کے پاس دلیل اور مؤقف ہے تو وہ اسمبلی میں آکر بات کرے۔

شرجیل میمن نے وفاقی وزرا کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پہلے عوام کے درمیان جائیں، عوام سے ووٹ لے کر منتخب ہوکر آئیں، پھر بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ خیراتی یا مصنوعی مینڈیٹ پر بیٹھے لوگ قوم کے فیصلے نہیں کرسکتے، قوم کے فیصلے وہی لوگ کریں گے جنہیں قوم نے ووٹ سے منتخب کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں