اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مردہ یا غیر مؤثر قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو مردہ یا غیر مؤثر قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، امن کا فریم ورک موجود ہے اور پاکستان پرامید ہے کہ فریقین بالآخر مذاکرات کی میز پر واپس آئیں گے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے تنازع میں دونوں جانب سے مسلح حملے اور جوابی کارروائیاں ہوئی ہیں، پاکستان صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔

انہوں نے موجودہ کشیدگی کو تشویشناک اور ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کے عمل سے مایوس نہیں ہوا۔

طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کشیدگی کو پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی ناکامی قرار نہیں دیا جاسکتا، پاکستان تنازع کے حل کے لیے مکمل خلوص کے ساتھ امن عمل میں مصروف ہے۔

سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کا مؤقف

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ثالثی عدالت کا فیصلہ مسترد کرنا سندھ طاس معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داریوں کو ختم نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی جانب واپس آنے کا مطالبہ کرتا ہے، بھارت کو بین الاقوامی قانون کی پابندی اور معاہدوں کی پاسداری ہر حال میں کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا طرزعمل معاہدوں کی پاسداری اور عالمی تنازعات کے طے شدہ نظام پر اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کا یہطرزعمل دیگر خطوں کے لیے بھی منفی مثال قائم کرسکتا ہے، جہاں مشترکہ وسائل قانونی معاہدوں کے تحت منظم کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں سرحد پار پانی کے انتظام میں یکطرفہ طرزعمل امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔

یاسین ملک کے خلاف مقدمہ مسترد

یاسین ملک کے خلاف مقدمے اور سزا کے حوالے سے طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یاسین ملک کے خلاف مقدمہ انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی تھا، پاکستان ان کا معاملہ بین الاقوامی اور کثیرالجہتی فورمز پر اٹھاتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ یاسین ملک کے معاملے کا نوٹس لیا جائے۔

طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان یاسین ملک کی صحت اور طویل زندگی کے لیے دعاگو ہے، جبکہ سید علی گیلانی بھی ہماری دعاؤں میں موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں